ہم ہوں گے کامیاب

December 27, 2020

پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بیروزگار ہے، اگر اُنہیں مناسب رہنمائی فراہم کی جائے تو کوئی مشکل نہیں کہ یہ اپنے پیروں پر کھڑےہو سکتے ہیں۔ اِس وقت پاکستان میں امن و امان مثالی ہے، کسی بھی قسم کا چیلنج قبول کرنے کی صلاحیت پاکستان کی مجموعی پیداوار میں اضافہ کا سبب بنی ہے۔ کورونا وائرس کیخلاف بھی مقابلتاً پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور زندگی کا پہیہ آگے کی طرف رواں دواں ہے۔ آج میری کوشش ہوگی کہ میں کچھ کاروباری معلومات شیئر کروں تاکہ نوجوان اِس ماحول سے فائدہ اٹھا کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ سب سے پہلے کسی بھی نئے کام کو شروع کرنے سے پہلے صحیح سمت اور جنس (پروڈکٹ) کا انتخاب بہت ہی اہم کردار کا حامل ہوتا ہے، درست پروڈکٹ یا فیلڈ کا انتخاب کامیاب بزنس کا پہلا زینہ ہے۔ اُس کے بعد بزنس پلان بہت ہی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، جس میں ہمیں مطالعہ کرنا چاہئے کہ جس پروڈکٹ کا آپ کاروبار کرنے جا رہے ہیں، اُس میں کامیاب کم از کم تین بزنس ماڈل اپنے کام کو کس طرح سے چلا رہے ہیں، اُن کے طاقتور اور کمزور پہلو کون سے ہیں اور کیسی نئی حکمت عملی سے اُس پر قابو پا کر نئے شروع کئے جانے والے کام میں ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اُس کے علاوہ ایک اچھا بزنس روڈ میپ کاروبار کی ترقی کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایک اچھا کاروباری روڈ میپ عموماً بہترین بزنس اسٹڈی کا مرہون منت ہوتا ہے۔ کاروبار کیلئے صحیح جگہ کا انتخاب بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اِس سلسلے میں انتہائی سوچ بچار، مشورہ کے بعد بزنس کیلئے جگہ کا انتخاب کرنا چاہئے اور یہ بھی یقینی بنانا چاہئے کہ جگہ کا انتخاب کن تجربات کی بنیاد پر کیا جارہا ہے۔ اِس موقع پر کوئی بھی غلطی کاروبار کی کامیابی کے امکانات کم کرتی ہے۔ کاروبار کے آغاز کیلئے ہم دیکھتے ہیں کہ روڈ میپ، مہارت اور سرمایہ جو کہ ضروری ہیں، لیکن یہ اکھٹی بھی نہیں ہوتیں، اگر آپ مہارت اور روڈ میپ رکھتے ہیں تو سرمایہ کیلئے آپ بزنس پلان کے ساتھ سرمایہ کار کو شراکت داری کے ساتھ منسلک کر سکتے ہیں، اِسی طرح سرمایہ اور روڈ میپ ہے لیکن مہارت نہیں تو شراکت داری یا ملازمت کی طرز پر متعلقہ فیلڈ کے ماہر کو رکھ سکتے ہیں اور وقت کے ساتھ متعلقہ فن میں مہارت حاصل کر سکتے ہیں۔ بینک اکاؤنٹ ایک کاروبار کا اہم جزو ہے، بینک اکاؤنٹ سے کاروبار کو قانونی حیثیت حاصل ہوتی ہے اور آپ کی ملکی اور غیرملکی کاروباری سرگرمیوں میں سود مند رہتا ہے اِس کے علاوہ کاروباری حساب کتاب میں آسانی رہتی ہے۔ پاکستان میں کاروبار کا آغاز کرنے کے بےشمار مواقع دستیاب ہیں، بہت سے ایسے کاروبار ہیں جو کہ آپ کم

سرمائے سے شروع کر سکتے ہیں، خدمات کی فراہمی پاکستان میں ایک منافع بخش کاروبار ہے لیکن اسکے لئے جذبہ اور مہارت کا ہونا ضروری ہے۔ کھانے پینے کے اسٹال اور ٹکٹ وغیرہ سے تفریح کی فراہمی اور کاروبار شروع ہو سکتے ہیں، کھانے پینے کے کام میں ہمیشہ تیزی رہتی ہے ۔ پاکستان میں دودھ کا کاروبار اسکی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے حساب سے بہترین کاروبار میں شمار ہوتا ہے لیکن اگر ڈیری مصنوعات کی فروخت صاف اور جدید طرز پر کریں تو بہتر منافع حاصل ہوگا۔ کم سرمایہ کے ساتھ موبائل کار واش سروس ایک اچھا کاروبار ہے۔ بہت سے لوگ اپنے گھر، گیراج میں گاڑی سروس کروانا پسند کرتے ہیں۔ چاول، سبزی، پھل کا گاؤں سے شہر اور شہر سے دوسرے صوبوں میں منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی تجربے، مہارت اور تعلقات سے مشروط ایک مضبوط کاروبار ہے۔ آن لائن بزنس کسی بھی آئٹم کی آن لائن فراہمی میں کامیابی کے وسیع امکانات ہیں، آن لائن بزنس کم خطرے کی سرمایہ کاری ہے۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان، ڈیجیٹل پاکستان کی طرف رواں دواں ہے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت پاکستان کی سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیاں اور کالجز مختلف سطح کے مفت ای کامرس، فری لانسنگ، گرافک ڈیزائننگ کے کورس کروا رہے ہیں، پاکستان فری لانسنگ آمدنی میں دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔ سمیڈا کے تعاون سے پنجاب میں کم پڑھے لکھے مرد و خواتین کو مختلف ہنر کے حوالے سے مفت کورسز کروائے جارہے ہیں، احساس پروگرام اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت اِن افراد کو بلا سود اور نرم شرائط پر کاروبار کیلئے قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے، پاکستان میں نوجوانوں کی وسیع تعداد کاروبار کی طرف متوجہ ہے، سرمایہ نہ ہونے کی وجہ سے قرضہ کے حصول میں بینکوں میں دشواری اور کاروبار شروع کرنے کیلئے معلومات کا نہ ہونا، اُن کے کاروباری آئیڈیا کو شروع ہونے سے پہلے ختم کر دیتا تھا، وزیراعظم عمران خان نے آسان کاروبار کے فروغ کے حوالے سے Ease of doing bussinessکی پالیسی کے تحت تمام محکموں میں کاروبار کی محدود وقت میں منظوری کو یقینی بنایا، کامیاب جوان پروگرام، پنجاب روزگار اسکیم اِن پروگرامز سے سرمایہ حاصل کر سکتے ہیں، بغیر کسی سفارش کے اور کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔