کرین ڈرائیور نے جہاز کس طرح اڑایا؟

December 29, 2020

امریکی شہر میامی میں ایک کرین ڈرائیور نے ہوائی جہاز اڑانے کا شوق عجیب طرح سے پورا کیا، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔

یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے اوپالوکا ایگزیکٹو ایئرپورٹ پر پیش آیا، کھدائی کرنے والی کرین کے ڈرائیور نے ناقابل یقین طریقے سے جہاز کو اڑایا، ایئرپورٹ پر تعینات ایوی ایشن انڈسٹری کے ایک ورکر نے اس منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی، جو نہایت تیزی کے ساتھ وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرین ڈرائیور نے طیارے کو کرین کے پنجے میں پکڑ کر ہوا میں اس طرح گھمایا جیسے جہاز کو اڑا رہا ہو، اسے اس عمل میں اتنا مزا آیا کہ وہ بار بار جہاز کو ہوا میں گھماتا رہا۔

معلوم ہوا کہ یہ چھوٹا جہاز ناکارہ ہو گیا تھا اور اسے تباہ کیا جانا تھا، ایسے میں کرین ڈرائیور نے سوچا کہ کیوں نہ آخری مرتبہ اس کی اڑان کا کا لطف لیا جائے، فیس بک پر اس کی ویڈیو شیئر ہوئی تو 50 لاکھ لوگوں نے اسے دیکھا۔