گلگت میں برفباری جاری، کراچی میں خشک سردی

January 06, 2021


ملک کےبالائی علاقوں میں کہیں برف باری اور کہیں شدید سردی کاراج ہے، گلگت میں رات سے برف باری جاری ہے، کراچی کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔

ہنزہ، استور، غذر اور دیامر کے علاقوں میں برفباری سے متعدد مقامات پر راستے بند ہوگئے ہیں، انتظامیہ نے غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا ہے، جبکہ پنجاب کےشہروں میں دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی ہے۔

گلگت بلتستان کےمختلف علاقوں میں برفباری کاسلسلہ جاری ہے، گلگت شہر، بالائی علاقوں اور گردوونواح میں برفباری سے شاہراہ قراقرم پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

دیامرکےبالائی علاقوں بٹوگاہ ٹاپ، فئیری میڈو، نانگا پربت، بابوسر ٹاپ، نیاٹ ویلی، داریل، تانگیر میں شدید برفباری کی وجہ سےمختلف علاقوں میں لوگوں کو ایندھن، خوراک اور ادویات کی کمی کا سامنا ہے۔

استور اور ہنزہ میں بھی وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے، انتظامیہ نےشہریوں کوغیرضروری سفر نہ کرنےکی ہدایات جاری کی ہیں۔

مری میں برفباری کاسلسلہ تھمنے کے بعد خون جما دینے والی سردی کا راج ہے، آزا د کشمیر کے بیشتر شہروں میں بارش اور برفباری رکنے کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم رجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 7سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع موسمیات کے مطابق شہر قائد میں شما ل مشرق سے چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے اور اس کی رفتار 9 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔