سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کا پوتا گھر میں قتل

January 07, 2021

سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کا پوتا گھر میں قتل

کراچی(اسٹاف رپورٹر/این این آئی) مسلح ڈاکوؤں نے مزار قائد کے سامنے واقع بنگلے میں داخل ہو کر سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے اوربزنس مین زین حسن آفندی کو ڈکیتی میں مزاحمت پر سر میں گولی مار کر قتل کردیا اور ان کی اہلیہ سے زیورات نوچ لئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی مقتول کے گھر آمد، اہلخانہ سے تعزیت کی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح جمشید کوارٹر تھانے کی حدود مزار قائد کے سامنے کاسمپولٹین اسکول کے قریب بزنس مین زین حسن علی آفندی کے بنگلہ نمبر 6پر دھاوا بول اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا، گراؤنڈ فلور پر زین کی والدہ اور فرسٹ فلور پر رہائش پذیر تھے ،ملزمان نے گھر سے لاکھوں روپے لوٹ لئے اور ان کی اہلیہ سے زیورات نوچ لیے تو انھوں نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں بیوی کے سامنے50سالہ زین حسن علی آفندی ولدذوالفقار حسن علی کو سر پر گولی مار کر قتل کردیا اور بآسانی فرار ہو گئے، این این آئی کے مطابق 5ملزمان رات 3بجکر 25منٹ پر گھر میں داخل ہوئے اور 55 منٹ تک گھر میں موجود رہے۔پولیس کے مطابق ملزمان سفید رنگ کی کار میں آئے تھے ، مسلح افراد نے زین آفندی کے چہرے پر3 گولیاں ماریں، گھر میں موجود ملازم کو رسیوں سے باندھ دیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے واقعہ ٹارگٹڈ ہے یا ڈکیتی پر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔ایس ایچ او جمشید کوارٹر انسپکٹر چوہدری زاہد کے مطابق مسلح ڈاکو دروازہ توڑ کر زین حسن آفندی کے بیڈروم میں داخل ہوئے اور مزاحمت کرنے پرڈاکوؤں نے زین حسن آفندی کو گولی مارکرقتل کردیا، مقتول زین علی آفندی کومنہ پرایک ہی گولی لگی لیکن ڈاکوؤں نے 6 فائر کیے تھے ایس ایچ او نے بتایا کہ مسلح ڈاکوؤں نے بنگلے میں داخل ہونے سے پہلے مرکزی گیٹ پر تعینات چوکیداروں کو رسی سے باندھا اورپھر بنگلے میں داخل ہوئے مسلح ملزمان واردات کے دوران ، 2 موبائل فونز ، پرس اور طلائی زیوارت لوٹ کر فرار ہوئے ہیں پولیس نے بنگلےسے 9 ایم ایم پستول کے خول بھی قبضے میں لے لیے ہیں جنہیں تجزے کے لیے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ مسلح ڈکیتوں کے فنگر پرنٹس بھی حاصل کر لیے گئے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ بنگلے میں ڈکیتی کی واردات کےوقت مقتول زین حسن آفندی کی اہلیہ، 2 صاحبزادیاں ،ایک بیٹا اور3 سے 4 گھریلو ملازم اور سیکیورٹی گارڈ موجود تھے، ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ واردات میں افغان ڈکیت گینگ ملوث ہو سکتا ہے، تاہم پولیس نے جائے واردات کے اطراف لگے سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام شواہد اکھٹا کرر ہی ہے اور واقعے کی باربیک بینی سے تحقیقات جاری ہیں اور امید ہیں جلد ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا ۔