انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان کا پہلی مرتبہ دورہ کرے گی

January 07, 2021

انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کراچی میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ساتھ دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کراچی میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

دو ٹی ٹوئنٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، یہ دونوں میچز اسی روز کھیلے جائیں گے کہ جب انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رہی ہوگی۔

مسلسل دو روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے یہ چاروں میچز ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر منعقد ہوں گے۔

تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضبوطی اور ان میں موجود اعتماد کی واضح مثال ہے، کوویڈ 19 کی وباء کے باوجود گزشتہ سال سے ملک میں جاری انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز کے کامیاب انعقاد نے بھی دیگر بورڈز کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویمنز کرکٹ کے لیے یہ ایک شاندار تجربہ ہو گا کہ مینز ٹیموں کے میچز بھی اسی روز ہوں گے، ای سی بی کی مینجنگ ڈائریکٹر برائے ویمنز کرکٹ کلئیر کانر کا کہنا ہے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل کبھی بھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا، لہٰذا یہ ٹور نہ صرف ایک یادگار اور شاندار دورہ ثابت ہوگا۔