ایک بٹ کوائن کی قدر تاریخ کی بلند ترین سطح پر، 39؍ ہزار ڈالرز سے زائد کا ہوگیا

January 08, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) کریپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور ایک بٹ کوائن کی مالیت 39؍ ہزار امریکی ڈالرز یعنی 63؍ لاکھ 22؍ ہزار پاکستانی روپے سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس ورچوئل کریپٹو کرنسی کی قدر میں جمعہ کے روز ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کی مالیت 39303.30 امریکی ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔ بٹ کوائن کی مالیت میں گذشتہ چند ہفتوں سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے گذشتہ برس دسمبر میں یہ بلند ترین سطح 20 ہزار امریکی ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔ یاد رہے کہ نئے سال کے آغاز کو چند دن ہی ہوئے ہیں اور بٹ کوائن کی قدر میں دس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران بٹ کوائن کی قدر میں چار سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ماضی میں بھی بٹ کوائن کی قدر میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور اس کی وجہ بڑے سرمایہ کاروں کی جانب سے فوری منافع کے لیے اس میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔