جمائما ٹرمپ کو ٹوئٹر سے مستقل بلاک کروانے کی حامی

January 08, 2021

برطانوی فلم پروڈیوسر اور وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے کیپیٹل ہل پر حملے کا دفاع کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹوئٹر سے مستقل بلاک کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا۔

جمائما نے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’بین ٹرمپ‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ شیئر کیا۔

ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ فیس بُک نے ٹرمپ پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کردی ہے، تاہم اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کریں اور ٹوئٹر کو بتائیں کہ محض چند گھنٹوں کیلئے ٹوئٹر سے ٹرمپ کو بلاک کرنا کیپیٹل ہل حملے کی مذمت کیلئے کافی نہیں۔

یہ بھی کہا گیا کہ ’ٹرمپ کو کیپیٹل ہلِ میں ہنگامہ آرائی کو فروغ دینے اور جمہوریت کو مجروح کرنے کے لیے ٹوئٹر کا استعمال ترک کردینا چاہئے۔‘

خیال رہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں نے واشنگٹن میں احتجاج کا دفاع کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیئے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹس فیس بک، ٹوئٹر اور اسنیپ چیٹ نے امریکی صدر کا اکاؤنٹ بلاک کر دیا۔

ٹوئٹر نےٹرمپ کا اکاؤنٹ 12 گھنٹوں کے لیے لاک کیا تاہم 12 گھنٹے گزرنے کے بعد ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ صدر ٹرمپ کے حامی مظاہرین نےکیپٹل ہل(پارلیمنٹ کی عمارت) پر اس وقت دھاوا بولا جب وہاں کانگریس کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس جاری تھا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی کیپیٹل ہل (پارلیمنٹ بلڈنگ) کی عمارت میں داخل ہو گئے۔ ٹرمپ کے حامیوں اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔ جھڑپوں کے بعد کیپیٹل بلڈنگ کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔

امریکی پارلیمنٹ عمارت پر صدر ٹرمپ کے حامیوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ کرفیو پورے شہر پر لاگو ہو گا۔