امریکا، برطانیہ، فرانس قابل بھروسہ نہیں ان سے کورونا ویکسین نہیں لینگے، ایران

January 08, 2021

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے امریکا، برطانیہ اور فرانس سے کورونا ویکسین لینے پر پابندی لگادی اور کہا ہے کہ یہ ممالک قابل بھروسہ نہیں کسی اور قابل بھروسہ ملک سے کورونا ویکسین لے سکتے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے ایران پر سے امریکی پابندیاں فوری ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ملک میں امریکا اور برطانیہ سے کورونا ویکسین منگوانے پر پابندی لگا دی گئی ہے، یہ ممالک قابل بھروسہ نہیں، دوسری اقوام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ایران دوسرے قابل بھروسہ ممالک سے کورونا ویکسین لے سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی جوہری معاہدے میں امریکا کی واپسی کی جلدی نہیں۔ لیکن ایران پرسے پابندیاں فوری ہٹنی چاہئیں۔

انھوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کے برخلاف ایران کا کردار تعمیری ہے اور یہ کردار جاری رہے گا۔

ایران میں گذشتہ ماہ مقامی طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین کی انسانی آزمائش شروع کر دی گئی ہے، ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 12 لاکھ 74 ہزار سے زیادہ اور اموات 56 ہزار سے زائد ہیں۔