کرک: پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار جاں بحق

January 12, 2021


خیبر پختون خوا کے ضلع کرک میں انسدادِ پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا ہے، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں انسدادِ پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

کرک پولیس کے مطابق انسدادِ پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار پر فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار ملزمان باآسانی فرار ہو گئے۔

فائرنگ سے پولیس اہل کار کے جاں بحق ہونے کے بعد کرک کے علاقے لتمبر میں انسدادِ پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔

کرک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسدادِ پولیو ٹیم علاقے میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی تھی کہ ان پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے حملہ کیا گیا۔