اسرائیل فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی آبادکاری روکے، یورپی یونین

January 14, 2021

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی مقبوضہ علاقوں میں غیر قانونی بستیوں میں اضافے کا سلسلہ فوری طور پر روکے ،یہ مطالبہ یورپین خارجہ امور کے ترجمان پیٹر سٹانو نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے ویسٹ بینک کے علاقے میں 800 نئی رہائش گاہیں بنانے کی منظوری دینے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کیا۔انہوں نے کہا کہ یورپین یونین ان تعمیرات کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور امن کے عمل کے حصول میں ایک بڑی رکاوٹ سمجھتی ہے جب کہ یہ دو ریاستی حل کے لئے بھی ایک رکاوٹ ہے،اس لئے یورپین یونین اسرائیل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس غیر قانونی عمل سے باز رہے ۔