بیوی کی محبت میں شوہر نے گھر میں کنواں کھود دیا

January 14, 2021

بھارت میں ایک شخص نے اپنی بیوی کی محبت میں صرف 15 دن کے اندر اپنے ہی گھر میں پانی کا کنواں کھود دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں اپنے گھر سے آدھا کلومیٹر دور ہینڈپمپ سے اپنی بیوی کو روزانہ پانی لانے کے بارے میں فکر مند، ایک غریب مزدور نے صرف 15 دن میں اپنے ہی گھر میں پانی کا کنواں کھود لیا ہے۔

46 سالہ بھرت سنگھ یہ دیکھ پریشان تھا کہ اُس کی بیوی اپنے خاندان کی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اتنی دور کا سفر کرکے پانی لیکر آتی ہے۔

ایک دن ہینڈ پمپ مشین میں خرابی کی وجہ سے پانی نہ مل سکتا اور پھر اُس کی بیوی نے گھر آکر اپنے شوہر شکایت کی۔

اس کے بعد بھرت سنگھ نے اپنی بیوی سے کہا کہ وہ گھر میں اس کے لیے پانی کا کنواں کھودے گا جس پر اُس کی بیوی ہنس پڑی۔

بیوی کی ہنسی کو ایک چیلنج کی طرح قبول کرتے ہوئے بھرت سگنھ نے صرف 15 دن میں اپنے ہی گھر میں 31 فٹ گہرا اور 6 فٹ چوڑا کنواں کھود دیا۔

بھرت سنگھ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ کنواں نہ صرف اُن کے گھروالوں کی روزمرہ کی ضروریات کے لیے کافی پانی مہیا کرتا ہے بلکہ اس سے اُن کی چھوٹی سی زمین کو سیراب کرنے میں بھی مدد ملتی ہے جہاں اُنہوں نے فصلیں اُگائی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب مدھیہ پردیش کی ضلعی انتظامیہ نے اس شخص کی کاوشوں کو سراہا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اس کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کچھ سرکاری اسکیموں کے فوائد اس تک پہنچائے جائیں گے۔