چین کا امریکا سمیت دیگر ممالک پر غلط اقدامات فوری روکنے پر زور

January 14, 2021

چین نے سنکیانگ ریجن کی کپاس اور ٹماٹر سے بننے والی تمام مصنوعات پر پابندی کے معاملے پر امریکا سمیت دیگر ممالک سے غلط اقدامات فوری روکنے پر زور دیا ہے۔

چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین، چینی کمپنیوں کے مفاد کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدامات کرے گا۔

امریکا نے چین کے سنکیانگ ریجن کی کپاس اور ٹماٹر سے بننے والی تمام مصنوعات پر پابندی لگائی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق سنکیانگ مصنوعات پر پابندی جبری مزدوری کے خدشات پر لگائی گئی ہے۔

امریکی محکمہ داخلہ سیکیورٹی کے قائم مقام سربراہ کے مطابق اس پابندی سے امپورٹرز کو یہ پیغام بھیجا گیا ہے کہ کسی بھی طرح کی جبری مشقت برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکا نے چین سے 9 ارب ڈالر کی کپاس اور 10 ملین ڈالر کی ٹماٹر سے بنی مصنوعات درآمد کی تھیں۔