ڈاکٹر عاصم قرنطینہ میں موجود، سماعت ملتوی

January 16, 2021

کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے اسپتال میں دہشتگردوں کے علاج معالجے سے متعلق کیس کی سماعت اسپیشل پراسیکوٹر کی غیرحاضری اور ڈاکٹر عاصم کے قرنطینہ میں ہونے کی وجہ سے بغیرکارروائی 6 فروری تک ملتوی کردی گئی ۔

ڈاکٹر عاصم کے اسپتال میں دہشتگردوں کے علاج معالجےسے متعلق کیس کی سماعت پر انیس قائمخانی، وسیم اختر، روف صدیقی و دیگر ملزمان انسداددہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔

اسپیشل پراسیکوٹر جی ایم بھٹو والد کے انتقال کے باعث پیش نہیں ہوسکے۔

ڈاکٹرعاصم کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ان کے موکل کے گھر میں کورونا وائرس کے تین کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس پرڈاکٹر عاصم حسین نے خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے۔

اسپیشل پراسیکوٹر کی غیرحاضری کے باعث سماعت 6فروری تک ملتوی کردی گئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان اور اسپیشل پراسیکوٹر کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔