شینزین کا انوکھا ’لانگینگ کلچرل سینٹر‘

January 17, 2021

1980ء میں 'خصوصی معاشی زون کا درجہ ملنے کے بعد سے چین کے شہر شینزین میں تیزی سے ترقی ہورہی ہے۔ ایک کروڑ 23لاکھ سے زائد آبادی والے اس شہر میں جا بجا بلند و بالا عمارتیں نظر آتی ہیں۔ یہاںآپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ شینزین میںچین کی دوسری اور دنیا کی چوتھی بلند ترین عمارت’پنگ این فنانس سینٹر‘ بھی موجود ہے، جو 115منزلوںپر مشتمل اور 599میٹر بلند ہے۔

در حقیقت، فلک بوس عمارتوں کی متاثر کن تعداد سے مقابلہ اور بلندی کے حوالے سے مقرر کی گئی حد کی پابندی کے باوجود شہر کے مشرق میں ’لانگینگ‘ ضلع میں متمول اور متنوع ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کے لیے ایک منفرد طرزِ کا کلچرل سینٹر تعمیر کیا گیا۔

لانگینگ کلچرل سینٹر کو اپنی شکل، ساخت اور حجم کی بدولت لوگوںکی توجہ حاصل کرنے میںکوئی دقّت نہیں ہوئی۔ اس عمارت کے لیے تعمیراتی کام کا آغاز 2014ء میں کیا گیا اور 2019ء میں میکانو نامی ہالینڈ کی آرکیٹیکٹ فرم نے اس کی تعمیر مکمل کی۔ یہ مین لینڈ، چین میں ہالینڈ کی اس تعمیراتی فرم کا پایہ تکمیل کو پہنچنے والا پہلا منصوبہ ہے۔

لمبے اور قدرے تنگ 3.8ہیکٹر رقبے کے احاطے میں لانگینگ کلچرل سینٹر کی تعمیر میں بلندی کے حوالے سے سخت پابندیاں عائد تھیں۔ اس طرح 400میٹر لمبی، 50میٹر چوڑی اور 25میٹر اونچی عمارت کی تعمیر عمل میں آئی۔ یہ عمارت اپنے چار ذیلی حصوں کے تحت اردگرد کے علاقوں کو ملاتی ہے۔ اس کے درمیان سے گزرنے والے راستے ملحقہ سڑکوں سے ہم آہنگ ہیں جو کہ عمارت کے مغرب میں موجود کاروباری ضلع سے مشرق کی طرف بنے پارک تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔

اس کے کنارے(Edges) خم دار ہیں اور درمیان میںافقی طور پر قطاروں کی صورت میں شیشے لگائے گئے ہیں جو دور سے دیکھنے میںسیاہ لکیریں لگتی ہیں جبکہ بناوٹی طور پر عمارت عمودی پہلو کی جانب جھکی ہوئی ہے۔ سرخ رنگ کی اس عمارت کے چاروں بلاکس چھتوں سے ایک دوسرے سے ملائے گئے ہیں، اس طرح شینزین کی گرم آب و ہوا میں بارش اور تپتی دھوپ میںلوگ اس کے نیچے وقت گزار سکتے ہیں جبکہ ہوا کو بھی راستہ ملتا ہے۔ یہاںسے قریبی تجارتی مرکز میںقائم بلند و بالا عمارتوں کی جھلک بھی نظر آتی ہے۔

عمارت کے چاروں ذیلی حصے ایک جیسی بلندی اور مواد کے حامل ہیں، انہیں دیکھ کر سامنے والے اور عقبی حصے کا اندازہ نہیں ہوتا۔ لانگینگ کلچرل سینٹر کی اس ذیلی تقسیم میں ایک آرٹ میوزیم، ایک یوتھ سینٹر، ایک سائنس سینٹر اور ایک بُک مال بنایا گیا ہے۔ سب سے پہلے سائنس سینٹر ہے، جس میں بچوں اور بڑوں کو سائنس کی اعلیٰ تصانیف فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ سائنس سینٹر کا رقبہ 10ہزار مربع میٹر ہے۔ اس کے آگے بنے یوتھ سینٹر کا رقبہ 8ہزار مربع میٹر ہے، جو ملنے ملانے اور غیر نصابی سرگرمیوں جیسے کہ موسیقی اور کھیلوں کے لیے جگہ فراہم کرتا ہے۔ 13ہزار 500مربع میٹر بنے آرٹ میوزیم کی اوپری منزل پر عوامی فنون جبکہ نچلی منزل اور بیسمنٹ میں شہری منصوبہ بندی کا مرکز بنایا گیا ہے۔

عمارت کے چار ذیلی حصوں میں سب سے بڑی جگہ ’بُک مال‘ کے لیے رکھی گئی ہے، جس میں کیفیز اور ریستورانوں کے لیے 35ہزار مربع میٹر، زیرِ زمین پارکنگ 21ہزار 500 مربع میٹر اور ریٹیل کے لیے 7ہزار مربع میٹر جگہ مختص کی گئی ہے۔ یہ وسیع شاپنگ سینٹر خصوصی طور پر کتابوں اور ان سے متعلق پروگراموں جیسے کہ ادبی ملاقاتوں، کتاب کے اجراء اور نمائشوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ لانگینگ کلچرل سینٹر کے احاطے میں کھلے آسمان کے نیچے مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کے لیے بھی 3.8ہیکٹر جگہ مہیا کی گئی ہے۔

لانگینگ کلچرل سینٹر کنکریٹ سے بنا تعمیراتی ڈھانچہ ہے جسے بڑی احتیاط سے بنایا گیا ہے۔ عمارت دیکھنے والوں کو ظاہری خوبصورتی سے ہٹ کر اندر گھوم کر ایسے لگتا ہے کہ جیسے وہ کنکریٹ سے بنے کسی مجسمے کو اندر سے دیکھ رہے ہوں۔ اس تعمیراتی ڈھانچے کے چاروں ذیلی حصوں کے سامنے کا حصہ بیم، ستونوں اور بڑے پیمانے پر کی گئی کنکریٹ کور (Concrete Core) کو آپس میں مربوط کرتا ہے، اور اسے ایسا بنایا گیا ہے کہ تعمیراتی کام کو دوام مل سکے اور وہ پوری طرح سے ظاہر بھی ہو۔

اس جھکی ہوئی عمارت کے اندرونی حصے میں میکانو آرکیٹیکٹ فرم نے دو تعمیراتی ہائی پوائنٹس (اُونچائی کی جانب اور درمیان کے کناروںپر)کو شامل کیا ہے۔ اونچائی کی طرف بنے کنارے(Edges) اس تعمیراتی ڈھانچے کا روشن پہلو ہیں، یہاں آنے والے لوگ اس متاثر کن تعمیراتی عناصر کا تجربہ کرسکتے ہیں جو واقعی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔