بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 32 کیسز سامنے آگئے

January 16, 2021

بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 32 نئے مریض سامنے آگئے، سب سے زیادہ 14 کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے، جبکہ کورونا میں مبتلا 11 مریض صحتیاب ہوگئے، صوبے میں کوورنا کے پھیلاؤ کی شرح 4.6 فیصد ہوگئی۔

محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو صوبے میں 668 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، ان ٹیسٹ کے نتیجے میں صوبے کے 5 اضلاع سے 32 نئے کیسز سامنے آئے، ان میں سب سے زیادہ 14 کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے۔

چاغی سے 12، سوراب سے 3 جبکہ نوشکی اور لسبیلہ سے کورونا کا ایک، ایک کیس سامنے آیا، جس کے بعد صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار569ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا11 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 71 ہوگئی، جبکہ صوبے میں کورونا سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 190ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی تشخیص کیلئے 339 ٹیسٹ کئے گئے، اس دوران کورونا کے 14 مریض سامنے آئے، کوئٹہ میں آج کورونا کی شر ح 4.1 فیصد رہی۔