کوالالمپور سے 118 مسافر براستہ دبئی اسلام آباد پہنچ گئے

January 16, 2021

قومی ایئرلائن پی آئی اے کی کوالالمپور پرواز کے مسافر متبادل پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے۔

کوالالمپور سے 118 مسافر براستہ دبئی پروز ای کے 614 سے اسلام آباد پہنچے۔

مزید 54 مسافر براستہ دوحہ آج رات 1 بجکر 40 منٹ پر وطن پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کے ایک بوئنگ 777 طیارے کو کوالالمپور ائیر پورٹ پر ملائشین حکام نے قبضے میں لے لیا تھا۔


ملائشین سول ایوی ایشن حکام کے مطابق لیز کے واجبات ادا نہ کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر پی آئی اے کے طیارے کو روکا گیا۔

پی آئی اے کا مؤقف ہے کہ معاملہ لندن کی عدالت میں زیر سماعت ہے جب کہ ملائشیا کی عدالت نے پی آئی اے کا مؤقف سنے بغیر یک طرفہ حکم دیا ہے۔

ائیرلائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے کوالالمپور پہنچی تھی۔ اس پرواز کو فوراً ہی واپس اسلام آباد کے لیے روانہ ہونا تھا، اس لیے اس پرواز پر ڈبل کریو تعینات تھا۔

واپسی کی پرواز پی کے 894 میں مسافر بیٹھ چکے تھے اور طیارہ روانگی کے لیے تیار تھا، جیسے ہی پائلٹ نے اسٹارٹر مانگا، ملائشین سول ایوی ایشن حکام نے طیارے کے کپتان کو حکم دیا کہ وہ عملے سمیت طیارہ چھوڑ دیں۔