کورونا وبا آزمائش ہے جو گزرجائے گی، ملک پرویز

January 17, 2021

راچڈیل (نمائندہ جنگ)عالمی وبا کورونا وائر س اور اس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے جہاں حکومتی سطح پر کوششیں جاری ہیں وہاں انفرادی اور اجتماعی سطح پر عوامی حلقوں کو بھی اپنا موثر کردار نبھانے کی ضرورت ہے ،کورونا بحران ایک مشکل وقت اور آزمائش ہے جو گزرجائے گا مگر اس دوران خلق خدا کی خدمت اور ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے والے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ،ان خیالات کا اظہارراچڈیل کی سماجی شخصیت ملک پرویز عرف بابو نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ کورونا بحران نے دنیا بھر میں بیروزگاری کا طوفان برپا کر رکھا ہے ،لوگ معاشی طو رپر سنگین مشکلات کا شکار ہیں لیکن برطانیہ میں موجود پاکستان تارکین وطن پر اللہ کی خاص رحمت اور کرم ہے وہ اپنے مستحق بہن بھائیو ں کی مدد کرنے کی بھی استطاعت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مخیر اور صاحب استطاعت افراد کو چاہیے کہ وہ مشکل وقت میں اپنے مستحق اور سفید پوش تارکین وطن اور پاکستانیوں کی مدد کرنے کیلئے آگے بڑھیں اور انہیں احساس دلائیں کہ وہ اکیلے نہیں مشکل وقت میں سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ تارکین وطن نے ہمیشہ مشکل وقت میں ثابت قدمی ‘ فراخدلی اور سخاوت کا عملی مظاہرہ کیا ہے آج بھی اس کی اشد ضرورت ہے ،کورونا بحران کے باعث پیدا ہونے والے معاشی خلاء کو پُر کرنے کیلئے اپنے مستحق اور مدد کے طلب گار بہن بھائیوں کی مدد کیلئےاپنے دروازے کھول دیں ،اپنا مال اللہ کی رہ میں خرچ کریں تاکہ اس کی خوشنودی حاصل ہوسکے ،انہوں نے کہاکہ عالمی وباء سے نجات حاصل کرنے کیلئے انفرادی اور اجتماعی توجہ استغفار پر زور دیا جائے اور نماز حاجت کا اہتمام کیا جائے تاکہ اللہ اس موذی مرض کا خاتمہ کردے ۔