ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی آج الیکشن کمیشن میں پیشی، کل احتجاج

January 18, 2021

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی آج الیکشن کمیشن میں پیشی، کل احتجاج

لاہور(ایجنسیاں‘جنگ نیوز) فارن فنڈنگ کیس میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) آج الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گی جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کو التواء میں رکھنے کے خلاف کل ( منگل) الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کرے گی۔

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس (آج) پیر کومولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ان کی رہائشگاہ پر ہوگا‘اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی حکمت عملی طے جائے گی۔

اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں شرکت کے لئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز لاہور سے اسلام آباد روانہ ہو گئیں‘قومی وطن پارٹی نے 19جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے میں بھرپور شرکت کرنے کا اعلان کر دیا‘ترجمان احمد نواز جدون کے مطابق قومی وطن پارٹی کی ریلی کی قیادت آفتاب خان شیرپاؤ خود کریں گے۔

ادھر مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہناہےکہ مولانا فضل الرحمان پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا‘پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے اعتراف جرم کر لیا ہے ہم الیکشن کمیشن سے فیصلہ لے کر ہی آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتیں کل اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کریں گی ‘پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے تاہم پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کی قیادت میں کارکنان احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوں گے۔

دریں اثناءمریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے اعتراف جرم کر لیا ہے ہم الیکشن کمیشن سے فیصلہ لے کر ہی آئیں گے،حکمران کرپشن پر الزامات لگاتے ہیں عدالت میں ثبوت نہیں پیش کرتے‘سلیکٹڈ،کرپٹ اور نااہل ملک پر مسلط ہیں،تنقید وہ کررہے ہیں جو لاہور سے کچرا نہیں اٹھا سکتے۔

پی ٹی آئی کی ڈھائی سالہ حکومت میں ایک اینٹ نہ لگی‘فارن فنڈنگ کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوگئی۔وزیراعلی عثمان بزدار نالائق ہیں،چینی آٹے میں ڈاکہ ڈالا جاتا ہے، آج ان سے میٹرو دھکے سے بھی نہیں چل رہی۔

ادھرپی ڈی ایم کے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاج کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے (آج) پیر کو اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

اجلاس میں پی ڈی ایم احتجاج کے حوالے سے اہم تجاویز زیر غور آئیں گی، سکیورٹی کیلئے ایک ہزار اہلکار تعینات کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق ریڈ زون کنٹینرز فری رہیگا اور اپوزیشن کو اسٹیج نہیں بنانے دیا جائے گا ، اپوزیشن کو ٹینٹ اور لاوڈ اسپیکر کی اجازت بھی نہ دینے کی تجویز ہے۔