ہائیکورٹ، احساس پروگرام اور سہولت کارڈ سے متعلق درخواست پر رپورٹس طلب

January 19, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے احساس پروگرام اور سہولت کارڈ سے متعلق درخواست پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کرلی، سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت مستحق افراد کو 5 ہزار اور وفاقی حکومت 12 ہزّار روپے دے رہی ہے، عوام کو کس حساب سے رقم ادا کی جارہی رہی ہے، 5 اور 12ہزار روپے سے ایک خاندان کا کیسے گزارا ہوسکتا ہے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ تمام تفصیلات ویب سائٹس پر موجود ہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے معلومات اگر حساس نہیں تو عدالت میں پیش کرنے میں کیا حرج ہے، درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ویب سائٹس انگریزی میں ہے، ہر کوئی انگریزی نہیں پڑھ سکتا، عدالت نے استفسار کیا کہ احساس پروگرام اور سہولت کارڈ کے ذریعےکتنی رقم دی جارہی ہے؟ بتایا جائے سہولت اور احساس پروگرام کا کتنا بجٹ ہے۔