کراچی: وائٹ کرولا گینگ کے 7 ملزمان بہادر آباد سے گرفتار

January 19, 2021


کراچی کے علاقے فیروز آباد کی پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے وائٹ کرولا گینگ کے 7 ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا، مقابلے کے دوران 4 ملزم زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق کارروائی مددگار 15 پولیس کو ملنے والی اطلاعات پر کی گئی۔

ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی وائٹ کرولا کار، موٹر سائیکل، کٹرز، موبائل فون اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

ایس ایچ او فیروز آباد اورنگ زیب خٹک کے مطابق ملزمان سے برآمد اسلحے میں رائفل، 2 نائن ایم ایم پستول اور مختلف بور کے 4 دیگر پستول برآمد ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق ملزمان آج صبح 1 گھر میں واردات کر رہے تھے کہ فیروز آباد پولیس نے مددگار 15 کو ملنے والی اطلاعات پر فوری کارروائی کی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ کے دوران 4 ملزم عزیزالرحمٰن، عبداللّٰہ، نور علی اور جاوید زخمی ہو گئے جبکہ ان سمیت ان کے دیگر ساتھیوں شاہد، صادق خان اور رشید کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کی جاری کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور گرفتاری کی تصویروں میں ملزمان کو نمایاں طور پر شناخت کیا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان وارداتوں کے لیے بنگلوں کا عقبی راستہ استعمال کرتے تھے، آہنی گِرلوں اور دروازے کو کاٹنے کیلئے کٹر استعمال کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق مقابلے میں زخمی اور گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، گرفتار ملزمان میں بیشتر افغانی باشندے جبکہ دیگر مقامی شامل ہیں۔