ورون اور نتاشا کی شادی میں کون کون مدعو؟

January 20, 2021

بالی وڈ اداکار ورون دھون کی اپنی دوست نتاشا دلال سے شادی کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ دونوں اس ماہ کی 24 تاریخ کو شادی کریں گے جس کے لئے مہمانوں کی لسٹ بھی سامنے آنا شروع ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب میں بالی وڈ کے سپراسٹار شاہ رخ خان، سلمان خان اور ہدایت کار کرن جوہر کو مدعو کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے تقریب میں صرف 50 مہمانوں کو بلایا جائے گا جس میں ورون دھون اور نتاشا کے اسکول کے دوست اور اہلخانہ شامل ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ اپنی فلم پٹھان کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ جبکہ سلمان خان کی شرکت سے متعلق فی الحال کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ورون اور نتاشا کے اہل خانہ گزشتہ کئی دنوں سے شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ شادی کی تقریب ریاست مہاراشٹر کے علی باغ میں 24 جنوری کو ہوگی۔