الیکشن کمیشن کی فیصل واوڈا کو جواب جمع کرانے کیلئےآخری مہلت

January 20, 2021

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے وکیل کو جواب دینےکا آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ آپ سوال کا جواب دیں کہ وفاقی وزیر نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دوہری شہریت کے خانے میں N/A کیوں لکھا تھا، دوہری شہریت کب چھوڑی ؟

فیصل واوڈا کی نااہلی کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکن بنچ نے کی، فیصل واڈا کے وکیل محمد بن محسن نے کہا کہ فیصل واوڈا کے خلاف کیس قابل سماعت نہیں ، اس کیس کو خارج کیا جائے۔

درخواست گزار عبدالقادر مندوخیل نے کہا کہ اگر فیصل واوڈا بڑے آدمی ہیں ان سے نہیں پوچھا جا سکتا ، تو آر او سے تو سوال کریں کہ انہوں نے فیصل واوڈا کی دوہری شہریت کے باجود کاغذات نامزدگی کیوں منظور کیے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کوئی کتنا بڑا ہو، الیکشن کمیشن پر اس کا اثر نہیں ، کمیشن میرٹ پر فیصلہ کرے گا ، کمیشن کسی سے متاثر نہیں ہو گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں دوہری شہریت کے خانے میں قابل اطلاق نہیں لکھا ؟ کیا ان کی دوہری شہریت تھی نہیں ، یا اس وقت نہیں تھی ؟محمد بن محسن نے کہا کہ فیصل واوڈا کی اس وقت دوہری شہریت نہیں تھی ۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ کیا فیصل واوڈا نے پہلے دوہری شہریت رکھی ہوئی تھی ؟ انہوں نے کس تاریخ کو دوہری شہریت چھوڑی۔

محمد بن محسن نے کہا کہ اس بات کے حوالے سے مجھے ہدایت لینا ہو گی ، محمد بن محسن کے جواب پر جسٹس الطاف ابراہیم قریشی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا تاخیری حربے ہوئے ، کہ آپ ہدایت لیکر بتائیں گے کہ دوہری شہریت کس تاریخ کو چھوڑی ، آپ کو علم نہیں تو یہاں کیوں آئے ، آپ لوگوں کے ایسے کاموں کی وجہ سے باتیں ہمیں سننا پڑتی ہیں ۔

محمد بن محسن نے کہا کہ فیصل واوڈا کے پاس دوہری شہریت تھی ، اس پر کوئی تنازع نہیں ، سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آپ نے مانا ہے کہ فیصل واوڈا کی دوہری شہریت تھیں، انہوں نے دوہری شہریت کب چھوڑی ؟ پوچھ کر بتائیں کہ فیصل واڈا نے دوہری شہریت کب چھوڑی ۔

کیس میں دوسرے درخواست محمد بن آصف کے وکیل نے کا کہ فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخوست اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرا دی ہے ۔ ہمیں دلائل کے لئے مزید مہلت دی جائے ۔

الیکشن کمیشن نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ دو درخواست گزاروں محمد آصف اور سلیم شاہ کو دلائل کا آخری موقع دے رہے ہیں ۔

الیکشن کمشن نے فیصل واوڈا کیس کی سماعت 9 جنوری تک ملتوی کر دی۔