9میٹ آفیسرز کو کورونا لاک ڈاؤن رولز کی خلاف ورزی پر فکسڈ جرمانے

January 21, 2021

لندن ( پی اے ) دوران ڈیوٹی کیفے میں ملاقات کر کے کورونا وائرس کوویڈ 19لاک ڈاؤن رولز کی خلاف ورزی کرنے پر 9میٹ پولیس آفیسرز پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ وائرل تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 9جنوری کو گرینچ میں سائوتھ ایسٹ بیسک کمانڈ یونٹ سے تعلق رکھنے والے میٹ آفیسرز دی شیف ہائوس کچن کیفے میں کھانا کھا رہے ہیں۔ تمام پولیس آفیسرز کو 200 پونڈ فکسڈ جرمانے کے نوٹسزجاری کر دیئے گئے۔ چیف سپرنٹنڈنٹ راب ایٹکن نےکہاکہ یہ درست ہےکہ وہ یہ مالی جرمانہ ادا کریں گے اور ان سے یہ کہا جائے گا کہ وہ اپنے انتخاب پر غور کریں۔ پولیس آفیسرز کو قانون پر عمل درآمد کیلئے تعینات کیا جاتا ہے جو کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے نافذ کئے گئے ہیں۔ عوام کو توقع ہے کہ وہ اپنے اقدامات کے ذریعے ایک مثال قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مایوس کن صورتحال ہے کہ اس موقع پر یہ پولیس آفیسرز ان توقعات پر پورے نہیں اترے ۔ کیفے میں پولیس آفیسرز کے اس گروپ کی موجودگی کی نشاندہی ایک عام شخص نے کی جبکہ انکی گشت کرنے والی گاڑیاں باہر کھڑی تھیں۔ کورونا وائرس لاک ڈائون کے موجودہ رولز کے مطابق کیفے اور ریستوران کو صرف ٹیک اوے سروس کی اجازت ہے۔