بہت عرصے سےشہزاد اکبر میڈیا پرآکر کاغذ نہیں لہرا رہے، عطا تارڑ

January 22, 2021

رہنما مسلم لیگ ن عطا تاڑر کا کہنا ہے کہ ہمیشہ سے نیب کیسز میں کھودا پہاڑ نکلا چوہا کی مثال ہی بنی ہے، بہت عرصے سے شہزاد اکبر بھی میڈیا پر آ کر کاغذ نہیں لہرا رہے۔

عطا تارڑ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ امید ہے ہائیکورٹ سے حمزہ شہباز کو ضمانت مل جائے، حمزہ شہباز شریف کو قید میں 19 ماہ ہو چکے ہیں، نیب رپورٹ میں درج ہے کہ حمزہ شہباز کیس میں مزید 10سے 12 ماہ لگ سکتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کا جب معاہدہ ہوا تو شیخ عظمت نیب پراسیکیوٹر تھے، شیخ عظمت کا براڈ شیٹ کیس کی تحقیقات کرنے کا حق نہیں بنتا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کیس میں 110 میں سے پانچ گواہان پر جرح کی گئی ہے،کسی بھی شخص کو بے جا قید میں رکھنے پر انسانی حقوق کا پہلو ہائیکورٹ میں اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عطا تارڑ نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ معاملے کے متعلق مسلم لیگ ن کی پالیسی واضح ہے، براڈ شیٹ کیس میں مفادات کا ٹکراؤ صاف دکھائی دے رہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عدالت سے تعاون کرنے اور ملک سے باہر نہ جانے والے کو قید میں کیوں رکھا جا رہا ہے۔