بچہ ہفتے میں 3 دن پڑھائی کیلئے تعلیمی ادارے آئے گا، سعید غنی

January 22, 2021

صوبائی وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ 9ویں تا12ویں جماعت میں پڑھائی جاری ہے، بقیہ تعلیمی ادارے بھی یکم فروری سے کھلیں گے،ایس او پی کے تحت 50 فیصد بچے آیا کریں گے، ایک بچے کو ہفتے میں 3 دن پڑھائی کیلئے تعلیمی ادارے آنا ہوگا۔

ایجوکیشن اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ اجلاس میں تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے، اجلاس میں اتفاق ہوا کہ امتحانات جلد بازی میں نہیں لیے جائیں گے۔

سعیدغنی کاکہنا تھا کہ امتحانات سے پہلے 60 فیصد نصاب کوبہترانداز میں پڑھایا جائے،امتحانات میں تاخیر ہی کیوں نہ کرنی پڑے 60 فیصد سلیبسس پڑھانا ضروری ہے،اس سال کسی بھی صورت بغیر امتحانات طلبا کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ اسٹیرنگ کمیٹی کا اگلا اجلاس 30 جنوری کو ہوگا،جامع تعلیمی پلان برائے 21-2020اور22-2021 کی تیاری کیلئے کمیٹی بنائی ہے،کمیٹی تعلیمی اداروں میں پڑھائی کی مدت، امتحانات کاشیڈول اور نتائج کی تاریخ پر سفارشات تیار کرے گی۔

سعیدغنی نے کہا کہ کمیٹی رواں تعلیمی سال اور اگلےتعلیمی سال کا شیڈول ایک ہفتے میں دے گی،کمیٹی میں سیکریٹری اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز کے نمائندے اور تعلیمی بورڈ کے چیئرمین شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کا سینسس ہوگا، تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔