جدید طرز کے مکان کی تعمیر

January 24, 2021

ذاتی مکان کی تعمیر ہر ایک کا خواب ہوتا ہے، جس کے لیے وہ انتھک محنت کرکے اپنی جمع پونجی لگا دیتا ہے۔ جگہ کے انتخاب کے بعد خواہش ہوتی ہے کہ مکان کی تعمیر میں تمام تر جدید تقاضوں اور رجحانات کو مدِنظر رکھا جائے اور بجٹ میں رہتے ہوئے سہولیات ِ زندگی سے آراستہ مکان کی تعمیر عمل میں لائی جائے۔

مہنگائی کے اس دور میں ایک جدید گھر کی تعمیر قدرے مشکل سمجھی جاتی ہے مگر مجموعی طور پر یہ روایتی تعمیرات کے مقابلے میں 10سے 15فیصد سستی، کئی گنا زیادہ معیاری اور ایک بہترین سرمایہ کاری قرار دی جاتی ہے۔ آج کے مضمون میںہم جدید طرزِ تعمیرات کے حوالے سے کچھ خاص عوامل کا تذکرہ کررہے ہیں تاکہ مکان کی تعمیر کا ارادہ رکھنے والوں کو رہنمائی مل سکے۔

رقبہ

تعمیراتی ماہرین رقبے کے حوالے سے امریکا میں تعمیر شدہ مکانات کی مثا ل دیتے ہیں۔ وہاں عموماً کم ازکم 99مربع فٹ سے لے کر زیادہ سے زیادہ 9ہزار مربع فٹ پر مکانات بنے ہیں۔ تاہم، جدید مکان کی تعمیر کے لیے اوسطاًرقبہ 2200مربع فٹ منتخب کیا گیا ہے، یعنی اتنے رقبے پر بنا مکان مثالی ثابت ہوتا ہے۔

منصوبہ بندی

مکان کی منصوبہ بندی میں جدید خیالات، نظریات اور اصولوں کا احاطہ کیا جاتا ہے۔ تعمیراتی ماہرین ایک جدید گھر کی منصوبہ بندی کے دوران جن چیزوں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں، ان میں محدود جگہ اور کم وسائل کا کارآمد استعمال، گھر میںتوانائی کی بچت کرنے والے عوامل پر غور کرنا اور اسے اندرونی وبیرونی طور پر جدید خصوصیات سے مزین کرنا شامل ہوتا ہے۔ تعمیراتی مواد کے طور پر شیشے، اسٹیل اور کنکریٹ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مکینوں کی پسند اور بجٹ کے مطابق ہی نقشہ سازی کی جاتی ہے، جس میں یہ فیصلہ لیا جاتا ہے کہ ’اوپن فلور پلان‘ اور ’کلوز فلور پلان‘میں سے کون سا زیادہ موزوں رہے گا۔ قارئین کی معلومات کے لیے انہیں آگاہ کرتے چلیں کہ اوپن فلور پلان میں جگہ کا اچھا استعمال ہوجاتا ہے جبکہ کلوز فلور پلان میں زیادہ سے زیادہ پرائیویسی حاصل کی جاسکتی ہے۔

ڈیزائن

جدید مکان کے بیرونی ڈیزائن کو مختلف اور متاثر کن انداز میں تعمیر کروایا جاتا ہے۔ چند خاص اور ٹرینڈی ڈیزائن میں رینچ ہاؤس پلان، ڈبل اسٹوری پلان اور لگژری پلان قابل غور ہیں۔ بیرونی ڈیزائننگ کے مختلف آپشنز میں سے کسی ایک پر عمل کرتے ہوئے مالکان اپنے خوابوں کی جنت کو ذاتی پسند و ناپسند کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔

بیرونی حصے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے اس کا ڈیزائن مکان کے رقبے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے منتخب کیا جائے۔ ایسا ڈیزائن منتخب کریں جو مکان کے بیرونی اور اندرونی حصے کے درمیان مماثلت قائم کرسکے۔ تعمیراتی نقطۂ نگاہ سے دیکھا جائے تو مکان کا بیرونی حصہ اس کے اندرونی حصے کی خوبصورتی اورترجمانی کے حوالے سے بھی اہم ہوتا ہے۔

چند خاص نکات

ایک جدید طرز کے مکان کو روایتی مکانات سے مختلف بنانے کےلیے چند خاص نکات پر عمل کیا جاتا ہے۔ اگر آپ اوپن فلور پلان پر عمل کررہے ہیں تو مکان کو محض ضروری دیواروں کے ساتھ تعمیر کیا جاتا ہے۔ مکان کی ڈیزائننگ کے لیے مستطیل، عمودی اور افقی لائنز بنوائی جاتی ہیں۔ اس میں کم جگہ کا بہترین استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی کی بچت کرنے والے اقدامات بھی اٹھائے جاتے ہیں۔

مکان کو انرجی ایفیشنٹ بنانے کے لیے دورانِ تعمیر سورج اور ہوا کے مطابق اس کی درست سمت کا تعین، سولر سسٹم کی تنصیب، انسولیشن اور وینٹی لیشن پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ ساتھ ہی میٹل، کرومیم ،کنکریٹ اور صنعتی لیبل لگے دیگر مواد کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دروازوں، کھڑکیوں اوردیواروں پر غیرضروری نقش ونگاری سے اجتناب کیا جاتا ہے۔ لیونگ روم کے لیے ہلکے اور گہرے رنگوں کا حسین امتزاج تشکیل دیا جاتا ہے۔

قدرتی روشنی

جدید تعمیرات میں شیشے اور قدرتی روشنی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے پر توجہ دی جاتی ہے۔ اس ٹرینڈ کے لیے ’’انرجی ایفیشنٹ ہومز‘‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، جس سے مراد ماحول دوست عناصر سے توانائی کا ذہانت سے استعمال کیاجانا ہے۔

بیسمنٹ

جدید مکان کی نقشہ سازی میں بیسمنٹ بنانا لازمی سمجھا جاتا ہے۔یہ آپ کے گھر کی وہ اضافی جگہ ہوتی ہے، جو ایک طرف تعمیراتی ماڈل کو جدت بخشتی ہے تو دوسری طرف اسے مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر ڈھلوان سطح والا گیراج،بیسمنٹ ہوم تھیٹر، بیسمنٹ لیونگ ایریا یا پھر بیسمنٹ ہال روم۔

باغبانی

ایک جدید گھرمیں خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کو روکنے، فضا کی صفائی اور بڑھتے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کے لیے باغیچے کا ہونا بھی اہم ہے۔ باغبانی کے ذریعے گھر کی خوبصورتی اور قدروقیمت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

آپ واک وے کے دونوں جانب باڑ کا اضافہ کرسکتے ہیں یا پھر صحن میں عمودی اور کارنر گارڈننگ جیسے آئیڈیاز پر کام کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ، مکان کو سرسبز بنانے کے لیے روف ٹاپ، پورچ، ٹیرس، بالکنی اور بیرونی یا عقبی حصے میں پھول پودے لگائے جاتے ہیں۔

آؤٹ ڈور روم

مکان کے بیرونی حصے میں کچھ حصہ ورکنگ ایریا کے طور پر مختص کردیا جاتا ہے۔ مشرقی اور مغربی ممالک میں ان دنوں آؤٹ ڈور ایریا میں لیونگ روم، سن روم اور آؤٹ ڈور کچن بنوانے کا ٹرینڈ خاصا مقبول ہے۔