مراد علی شاہ کی عمران خان سے علی زیدی کی شکایت

January 23, 2021

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر علی زیدی آمنے سامنے آگئے، علی زیدی نے رابطہ کمیٹی میٹنگ میں مرادعلی شاہ سے سخت لہجے میں بات کی جس پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو وفاقی وزیر علی زیدی کے خلاف شکایتی خط لکھ دیا۔

وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیرِ اعظم عمران خان سے خط کے ذریعے شکایت کی ہے کہ علی زیدی نے میٹنگ میں پارلیمانی زبان اور رویّے کا لحاظ نہیں کیا۔

مراد علی شاہ نے خط میں لکھا ہے کہ علی زیدی نے میٹنگ میں سب کے سامنے ان سے نامناسب رویہ اختیار کیا، علی زیدی اس سے قبل بھی نامناسب رویہ اختیار کر چکے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ میں یہ رویّہ روایات کے خلاف ہے، میٹنگ میں علی زیدی انتہائی تکبر اور غرور سے وزیرِاعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے رہے۔


وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیرِ اعظم عمران خان سے بذریعہ خط یہ بھی کہا ہے کہ خط کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہاہوں، آئندہ اجلاس میں علی زیدی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔