آئرش اداروں کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن

January 26, 2021

ڈبلن ( نمائندہ جنگ) آئرش گارڈا پریس آفس کے مطابق آئرش لا انفورسمنٹ اداروں آئرش گارڈا، گارڈا ڈاگ یونٹ،گارڈا نیشنل ڈرگس اینڈ آرگنائزڈ کرائم بیورو نے ملک بھر کے مختلف حصوں میں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کیخلاف کریک ڈائون کیا، کائونٹی مونہن اور لوتھ میں جی این ڈی او سی بی کی جانب سے ہونے والے آپریشن کے نتیجے میں 1.2 ملین یورو کی کینابس ،ایک لاکھ یورو، آتشیں اسلحہ برآمد ۔آفیسرز کے مطابق یہ رقم ملک میں مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال ہوسکتی تھی ، کارروائی کے دوران 26 سالہ خاتون اور 29 سالہ مرد کو کریمنل جسٹس ایکٹ 1996 منشیات کی اسمگلنگ کے شبہ میں گرفتار کرلیا گیا، گارڈاآفیسرز کی جانب سے کائونٹی لانگ فورڈ میں مکان پر چھاپہ مارا گیا جس کے نتیجے میں 130000 یورو مالیت کی کینابس اور کینابس پلانٹ قبضہ میں لے لیے گیے اور 30 سالہ شخص کو کریمنل جسٹس ڈرگ ٹریفکینگ ایکٹ 1996 کی سیکشن 2 کے تحت گرفتار کرلیا گیا ،گارڈا آرگنائزڈ اینڈ سیریس کرائم کے انچارج اسسٹنٹ کمشنر جان اوڈسکل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منظم جرائم کے گروپ ملک میں کوویڈ 19 پابندیوں کے دوران بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں مگر ہم نےان جرائم پیشہ افراد کےخلاف کارروائیوں کا عزم کیا ہوا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کی ایسے تمام نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔