نوجوان مایوس اور ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں‘ہاشم نوتیزئی

January 28, 2021

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی حاجی ہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں بیروزگاری عروج پر پہنچ گئی نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں تو دوسری جانب وفاق میں بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد تاحال نہ ہوسکا۔ سوائے کسٹم بلوچستان میں چند اسامیاں آئیں لیکن اس کے بعد کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع نہ ہونے اور وفاق میں بلوچستان کے کوٹے پر دیگر صوبوں کے لوگوں کی تعیناتی سے یہاں کے نوجوان شدید مایوس ہیں اور ڈگریاں ہاتھوں میں لئے دربدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کوئی فکر نہیں جبکہ بلوچستان کے نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بھی روزگار سے محروم ہیں لیکن حکومت اس جانب توجہ نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد کرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔