پٹیالہ میں احتجاجی کسانوں نے جانہوی کپور کو فلم شوٹ کرنے سے روک دیا

January 31, 2021

بالی ووڈ کی مشہور آنجہانی اداکارہ سری دیوی اور پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی جانہوی کپور کو ہفتے کی شب اپنی نئی فلم گڈ لک جیری کی شوٹنگ پیک کرکے واپس ممبئی روانہ ہونا پڑا جب احتجاج کرنے والے کسانوں کے ایک گروپ نے بھارتی پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں انھیں شوٹنگ کرنے سے روک دیا۔

جانہوی ہفتے کی رات ممبئی پہنچیں، کسانوں کا جانہوی سے مطالبہ تھا کہ وہ حکومتی زرعی قوانین کے خلاف جاری ان کی احتجاجی مہم کے حق میں بیان جاری کریں۔

احتجاج کرنے والے ایک کسان نے کہا کہ ہم نے انھیں پہلے ہی بتادیا گیا تھا کہ انھیں یہاں شوٹنگ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، لیکن اس کے باوجود یہ شوٹنگ کے لیے پہنچے۔ جس کے بعد ہم نے انھیں روک دیا۔

اس نے کہا کہ ہمارا کسی بھی شخص سے کوئی جھگڑا نہیں، اگر جانہوی صرف ایک بار ہمارے حق میں بیان جاری کردیتیں، تو ہم انھیں شوٹنگ کی اجازت دے دیتے۔

ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کچھ دیر کے لیے رکی ہے یہ بعد میں شروع ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ اس فلم کی شوٹنگ دوسری بار رکی ہے، اس سے قبل ضلع فتح گڑھ صاحب میں بھی 23 جنوری کو کسانوں کے ایک گروپ نے شوٹنگ میں رکاوٹ ڈالی تھی۔