امیتابھ بچن کی نواسی مسلمان اداکار کو پسند کرنے لگیں؟

February 01, 2021

بالی ووڈ کے سینئر اور لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی نندا کے نوجوان مسلمان اداکار میزان جعفری کی محبت میں گرفتار ہونے کی خبریں زبان زد عام ہیں تاہم وہ کئی مرتبہ میزان کی اچھی دوست ہونے کا اقرار کرچکی ہیں۔

نوجوان اداکار میزان جعفری بالی وڈ کے نامی گرامی اداکار سید اشتیاق احمد جعفری (جن کا فلمی نام جگدیپ تھا) کے پوتے اور اداکار جاوید جعفری کے بیٹے ہیں۔

میزان نے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ملال‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا جس میں بہترین اداکاری پر انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اداکار کی ایوارڈ کے ساتھ تصویر والی پوسٹ پر نہ صرف نویا نے خوش ہو کرکمنٹ کیا بلکہ اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے بھی میزان کی تصویر اسٹوری پر لگا کر مبارکباد دی۔

نویا کی اس پوسٹ کا سوشل میڈیا پرخوب چرچا ہے اور ایک بار پھر دونوں کے درمیان قریبی تعلق کی خبریں بھی آرہی ہیں۔

واضح رہے کہ میزان اس وقت فلم ’ہنگامہ 2‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور یہ ان کی دوسری فلم ہے۔

بالی وڈ کے سینئر اور لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اپنی نواسی نویا نویلی نندا بےحد پیار کرتے ہیں اور اکثر ان کے ساتھ مختلف تقریبات میں بھی نظر آتے ہیں۔