کوویکس ویکسین فہرست، پاکستان کو ایک کروڑ72 لاکھ خوراکیں ملیں گی

February 04, 2021

پیرس (اے ایف پی )کوویکس پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی کووڈ-19 ویکسین کے درجنوں ممالک کی پہلی فہرست جاری کر دی گئی، جس میں پاکستان بھی شامل ہے اور یہ ویکسین مجموعی آبادی کے تین فیصد کو سال کے وسط تک دی جائے گی۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فہرست ان خدشات کے ساتھ جاری کی گئی ہے کہ جو ممالک کم آمدنی کے حامل ہیں وہ ویکسین کی دوڑ میں امیر ممالک کے مقابلے میں پیچھے نہ رہ جائیں اور ان مسائل کا حل کوویکس نے نکال لیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت تقسیم ہونے والی ویکیسن کی 33 کروڑ 72 لاکھ خوراک کی فہرست پہلی مرتبہ سامنے آئی ہے اور پہلی فراہمی فروری کے آخر تک متوقع ہے۔دنیا کے تقریباً 145 ممالک کو 2021 کے وسط تک مجموعی آبادی کے 3.3 فیصد کے لیے ویکیسن کی وصولی کا امکان ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر تقسیم کا ہدف سب سے زیادہ خطرے میں موجود طبی عملہ ہے جو سال کے نصف تک جاری رہے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوویکس پروگرام کے تحت سب سے زیادہ بھارت کو 9 کروڑ 72 لاکھ، پاکستان کو ایک کروڑ 72 لاکھ، نائیجیریا کو ایک کروڑ 60 لاکھ، انڈونیشیا کو ایک کروڑ 37 لاکھ، بنگلہ دیش کو ایک کروڑ 28 لاکھ اور برازیل کو ایک کروڑ 6 لاکھ خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔عالمی ادارہ صحت کے کوآرڈینیٹر این لنسٹرینڈ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ شان دار ہے، اب ہم ویکسینیشن شروع کر سکتے ہیں جو اگلے ہفتوں میں ہوگی۔