پاکستان: کورونا وائرس سے مزید 40 افراد جاں بحق

February 09, 2021

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 30 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 8 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 40 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 1 ہزار 441 مریض شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 66 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 56 ہزار 519 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 31 ہزار 509 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 82 لاکھ 56 ہزار 378 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 31 ہزار 510 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 797 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 5 لاکھ 12 ہزار 943 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 51 ہزار 434 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 4 ہزار 132 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 61 ہزار 347 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 919 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 68 ہزار 625 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 964 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 42 ہزار 80 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 480 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 18 ہزار 877 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 196 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 9 ہزار 238 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 273 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 918 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 102 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔