داسو ڈیم پراجیکٹ کے سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ کیخلاف دھرنا موخر

February 10, 2021

ضلع اپر کوہستان میں داسو ڈیم پراجیکٹ کے سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے 5 افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کیخلاف دھرنا موخر کردیا گیا، انتظامیہ کی واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کے قیام کی یقین دہانی پر مظاہرین نے شاہرائے قراقرم کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔

واقعے کے خلاف احتجاج کرنیوالے مظاہرین کی جانب سے ایم این اے ملک آفرین کی قیادت میں انتظامیہ سے مذاکرات کیے گئے جس میں اس بات پراتفاق ہوا کہ واقعے کی انکوائری کے لئے جے آئی ٹی قائم کی جائے گی۔

انتظامیہ نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی،جس کے بعد مظاہرین نے دھرنا اور احتجاج ختم کرکے شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لوگرو ٹنل کے قریب مظاہرین پر فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔