زلزلے سے بچاؤ کی تجاویز

February 14, 2021

گیارہ مارچ دو ہزار گیارہ میں جاپان میں آنے والے سونامی اور نو اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے کا میں چشم دید گواہ ہوں اس دن واقعی میں نے عمارتوں کو جھولتے دیکھا، سڑکوں کو ہلتے دیکھا، لوگوں کے چہروں پر موت کا خوف دیکھا اور مجھ سمیت لاکھوں جاپانی اس زلزلے کے دوران یہی سمجھ رہے تھے کہ شاید یہ ہماری زندگی کا آخری دن ہو، لیکن اللہ تعالیٰ نے زندگی بخشی، گیارہ مارچ کے بعد میں نے جاپان میں بارہ مارچ بھی دیکھی جس دن جاپانی عوام نے ثابت کردیا کہ وہ ایک صابر، منظم اور عظیم قوم ہیں، باوجود اس کے کہ اس سونامی اور زلزلے میں پندرہ ہزار سے زائد شہری مارے گئے، ہزاروں لاپتہ بھی ہوئے، لیکن جاپانی حکومت اور عوام نے ایک بار پھر اپنے شہروں کو دوبارہ پہلے سے بہتر تعمیر کرکے اپنی عظمت کا ثبوت دیا، میرے لئے جاپان میں دو دہائیوں سے رہائش پذیر ہونے کے سبب زلزلے کے تجربات اور محسوسات سے آگاہ ہونا ایک لازمی امر ہے ،جاپان میں زلزلہ ایک ایسی قدرتی آفت ہے جس سے جاپانی قوم سمجھوتہ کرچکی ہے لہٰذا اس آفت کا سامنا کرنا اور اس سے نمٹنے کے لئے عوام کو تربیت فراہم کرنا جاپان کی حکومت کی بنیادی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اسکولوں کالجوں اور دفاتر میں زلزلے کی صورت میں اس سے بچائو کی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے، جاپان اس حوالے سے ایک بدقسمت ملک ہے جہاں ایک اندازے کے مطابق ہر سال پانچ ہزار زلزلے ریکارڈ کئے جاتے ہیں تاہم ان میں سے زیادہ ترزلزلے اتنی کم شدت کے ہوتے ہیں جو عوام کے نوٹس میں بھی نہیں آتے، تاہم سالانہ ڈیڑھ سے دو سو زلزلے ایسے ہوتے ہیں جن کی شدت ریکٹر اسکیل پرپانچ یا اس سے زیادہ ریکارڈ کی جاتی ہے ،یہ عوام کو روزمرہ کی زندگی میں محسوس ہوتے ہیں، جن سے خوف بھی پھیلتا ہے لیکن کیونکہ جاپانی حکومت نے تعمیرات کے قوانین انتہائی سخت رکھے ہیں ،نئی تعمیرات میں کم از کم مکانات اور عمارات میں زلزلے سے بچائو کے لئے تعمیرات میں کم ازکم سات شدت کا زلزلہ برداشت کرنے کی طاقت ہونا لازمی امر قرار دیا گیا ہے جس کے لئے باقائدہ قوانین موجود ہیں اور دورانِ تعمیر ادارے عمارت کا معیار بھی وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہتے ہیں، عوام کو زلزلے سے بچائو کے لئےاسکول کی سطح سے تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے ،گزشتہ روز پاکستان کےکئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں نے پوری قوم کو ہلا کررکھ دیا لہٰذازلزلے کےحوالے سے کچھ معلوما ت پیش خدمت ہیں، سب سے پہلے زلزلے سے قبل تمام شہریوں کویہ معلوم ہونا چاہئے کہ زلزلے کی صورت میں آپ کو کس محفوظ مقام پر منتقل ہونا ہے، پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہر ضلع میں عوام کو آگاہ کریں کہ زلزلے کی صورت میں محفوظ مقام کونسا ہے ؟ ہر شخص کے پاس کچھ اہم فون نمبرز جس میں اہل خانہ، پولیس، اسپتال شامل ہے، ایک ڈائری میں تحریر کئے ہونے ضروری ہیں ،آپ کے گھر میں کچھ پانی کی بوتلیں ،اور خشک کھانے کی اشیاجن میں بسکٹ،چنے،کھجور جیسی اشیااسٹاک میں ہونا بھی ضروری ہے ،ایک بیگ جس میں ٹارچ ،ریڈیو، بیٹری سیل، فرسٹ ایڈ کٹ،کمبل اور اہم کاغذات جس میں پاسپورٹ ،چیک بک اور گھر کے کاغذات جیسی اہم اشیاہ رکھی جاسکتی ہیں ،اپنی موٹر سائیکل اور گاڑی کی ٹنکی فل رکھنے کی عادت ڈالیں جو مشکل وقت میں کام آسکتی ہے ،سب سے اہم گھر میں جو بھاری اشیا ہیں جن میں فریج، ایئر کنڈیشن، چھت کے پنکھے انہیں مضبوطی سے دیواروں سے باندھ کررکھیں تاکہ زلزلے کی صورت میں وہ کسی انسان پر گر کر نقصان نہ پہنچا سکیں، ورنہ سب سے زیادہ نقصان یہی بھاری اشیاہ زلزلے کی صورت میں گر کر انسانوں کو نقصان پہنچاسکتی ہیں ،زلزلے کی صورت میںسب سے پہلے آپ کسی مضبوط چیز جیسے ڈائننگ ٹیبل، الماری یا کسی صلیب کے نیچے پناہ لیں ،زلزلے کی صورت میں کسی مضبوط چیز کو تھامے رہیں تاکہ گرنے سے بچ سکیں، اگر آپ گاڑی میں ہیں تو فوری طور پر گاڑی کھلے میدان کی جانب لے جائیں تاکہ کسی عمارت سے گرنے والے ملبے اور بجلی کے پولوں سمیت کسی بھاری چیز کا نشانہ بننے سے بچ سکیں۔ اگر آپ ساحلی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں تو سونامی کے خطرے کے پیش نظر فوری طور پر کسی اونچے مقام کی جانب منتقل ہونے کی کوشش کریں ،اگر آپ گھر والوں سے علیحدہ ہوچکے ہیں تو فوری طور پران سے رابطہ کرنے کی کوشش کریں اگر فون لائنیں جام ہوچکی ہیں تو فیس بک یا ٹوئیٹر کے ذریعے بھی اہل خانہ سے رابطہ کیا جاسکتا ہے ،اگر کسی عمارت میں ہیں تو لفٹ استعمال کرنے کی غلطی نہ کریں سیڑھیاں استعمال کریں ،گھر میں ہیں تو گھر کی گیس فوری طور پر بند کریں تاکہ کسی حادثے سے بچ سکیں اور گھر چھوڑنا ضروری ہو تو گھر کی بجلی اور گیس بند کرکے محفوظ مقام کی جانب منتقل ہونے کی کوشش کریں ،یہ تو وہ بنیادی چیزیں ہیں جو جاپان میں ہر انسان کو دوران تعلیم اور دوران تربیت اپنے بچائو کےلئے بتائی جاتی ہیں ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان میں اور جاپان میں تمام لوگوں کو زلزلے کی آفت اور اس کے نتیجے میں آنے والی پریشانیوں سے محفوظ رکھے ۔آمین !