راحت فتح علی خان ویلنٹائن ڈے مونچھوں کے ساتھ منائیں گے

February 14, 2021


رومانس کے شہزادے اور سروں کے سلطان، راحت فتح علی خان 14 فروری کو پہلی بار اپنی شخصیت اور ظاہری وضع قطع کے حوالے سے ایک نیا تجربہ کرنے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ وہ اتوار (آج) live stream کے ذریعے دنیا کے درجنوں ممالک میں آواز کا جادو جگائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے پیار کرنے والوں کے لیے اپنا گیٹ اپ چینج کرلیا، اور پہلی بار مونچھیں رکھ لیں۔ مداح سوشل میڈیا پر ان کے نئے اسٹائل کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

وہ آج 14 فروری کو دو گھنٹے تک اپنے پیار بھرے گیتوں کی برسات کریں گے۔ راحت فتح علی خان پاکستان کے پہلے فن کار ہیں جنہیں سب سے زیادہ یوٹیوب پر دیکھا گیا۔ ان کا گایا ہوا گیت ’ضروری تھا‘ کو یوٹیوب پر سو کروڑ سے زیادہ بار دیکھا اور پسند کیا گیا۔

آکسفورڈ یونی ورسٹی سے موسیقی کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان کے گائے ہوئے زیادہ تر گیت رومانس اور محبتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ان کے گائے ہوئے رومانی گیتوں کو فلموں اور ٹیلیویژن ڈراموں میں غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔

انکا کہناہے کہ کورونا کے ساتھ جو زندگی گزر رہی ہے وہ بہت خطر ناک ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران سب سے زیادہ اپنے مداحوں اور پیار کرنے والوں کو یاد کیا اور سب کے لیے دعا کی اللہ تعالیٰ ان کو اپنی امان میں رکھے۔ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر امریکا کی درجنوں ریاست سمیت، یورپ، متحدہ عرب امارات، سری لنکا، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور دیگر ممالک میں موجود میرے لاکھوں مداح live stream کے ذریعے گھر بیٹھے رومنٹک سونگ سن سکیں گے۔