ویڈیو اسکینڈل، نون لیگ نے تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرا دی

February 15, 2021

مسلم لیگ نون نے سینیٹ انتخابات 2018 ء میں پیسے کی تقسیم سے متعلق ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

وکیل مسلم لیگ نون جہانگیر جدون نے ویڈیو اسکینڈل سےمتعلق الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ، سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی سمیت ڈی جی ایف آئی اے اور پیمرا کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات کو شفاف، آزادانہ بنانے کا ذمہ دار ہے، الیکشن کمیشن کو اختیار ہے کہ کسی بھی ایجنسی سے تحقیقات کراسکتا ہے۔


جہانگیر جدون کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ایم پی ایز جن پر پیسے لینے کا الزام لگا رہے ہیں وہ تحقیقات نہیں کرسکتے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن ویڈیو اسکینڈل کی شفاف تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔