بولی وڈ ایک مصنوعی فلم انڈسٹری ہے، یہی سچائی ہے، عمران ہاشمی

February 24, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ میں ’بولڈ‘ کردار نبھانے والے عمران ہاشمی نے اپنی ہی فلم انڈسٹری کو ’فیک‘ یعنی مصنوعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی بولی وڈ کی حقیقت ہے۔ایک ریڈیو شو میں انٹرویو دیتے ہوئے عمران ہاشمی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بولی وڈ ایک مصنوعی فلم انڈسٹری ہے، اور یہی اس کی سچائی ہے۔عمران ہاشمی گزشتہ 20 سال سے بولی وڈ سے وابستہ ہیں اور ’بولڈ‘ کردار نبھانے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ریڈیو شو میں عمران ہاشمی سے جب سوال کیا گیا کہ وہ بولی وڈ کے گلیمر بھرے فنکشنز سے خود کو دور کیوں رکھتے ہیں تو انہوں نے وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری نہ تو صرف ’فیک‘ ہے بلکہ انسان کی زندگی میں اپنے پروفیشن کے علاوہ بھی سرگرمیاں ہونی چاہیے۔عمران ہاشمی نے بتایا کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت پرانے دوستوں کے ساتھ گزارتے ہیں جن کا فلم انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے بعد اپنا باقی کا وقت بولی وڈ سے منسلک سرگرمیوں میں گزارنے کو ترجیح نہیں دیتے، ایسا کرنے سے ان کا ذہنی توازن بھی برقرار رہتا ہے۔عمران ہاشمی آج کل اپنی نئی فلم ’ممبئی ساگا‘ کی لانچ کی تیاریاں کر رہے ہیں جو 19 مارچ کو سینمامیں دکھائی جائے گی۔ سنجے گپتا کی اس فلم میں جان ابراہم، سنیل شیٹی اور دیگر اداکار بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔فلم ممبئی ساگا میں بھارت کے تجارتی شہر کا بومبے سے ممبئی بننے تک کے سفر کو اجاگر کیا گیا ہے۔ممبئی ساگا کے بعد عمران ہاشمی کا بولی وڈ لیجینڈ امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’چہرہ‘ میں کردار نبھانے کا امکان ہے۔