ملک گیر پاور بریک ڈاؤن، عملے اور انتظامیہ کی غفلت، گدو پر بجلی کا نظام بیٹھ جانے کی وجوہ

February 24, 2021

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ)گدو پر پاور سسٹم بیٹھ جا نے کی وجوہ جاننے کے لئے قائم تحقیقاتی کمیٹی نے خرابی کا ذمہ دار عملے اور متعلقہ انتظامیہ کو قرار دیا ہے ۔کے الیکٹرک سمیت کئی پاور پلانٹس کے پاس چونکہ بلیک اسٹارٹ کی سہولت نہیں ہے ، اسی لئے پورے ملک میں بجلی کی بحالی میں تاخیر واقع ہوئی ۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیشنل پاور کنٹرول سیل ( این پی سی سی ) کے پاس واقعہ کو ریکارڈ کر نے والا کوئی مرکزی نظام نہیں ہے جس کی وجہ سے پیدا خرابی کا کا قطعی طور پر کھوج نہیں لگایا جا سکا ۔ نیپرا نے اس حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ جاری کردی ہے ۔خرابی گزشتہ 9جنوری کو رات گئے پیدا ہوئی تھی ۔ جسے بولٹیڈ فالٹ ( شارٹ سرکٹ ) بتایا گیا ۔رپورٹ میں یہ سفارش کی گئی ہے کہ بولٹیڈ فالٹ اور بجلی کی فراہمی میں عدم استحکام سے بچنے کے لئے سے کسی بین الاقوامی قابل اعتماد متعلقہ فرم سے مکمل جائزہ مطالعہ کرایا جائے ۔انکوائری کمیٹی کے مطابق بلیک اسٹارٹ سہولت 200میگاواٹ والے پاور ہاوئسز پر موجود ہو نی چاہئے ۔ رپورٹ میں 220 کلو واٹ سوئچ یارڈ اور ٹی پی ایس گدو کے کنٹرول روم میں خامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنا چاہئے ۔ اس حوالے سے محکمہ جاتی تحقیقات کو انجام پذیر ہو نا چاہئے ۔عملے کی استعداد اور صلاحیتوں کو اجاگر کر نے کے لئے عملے اور انجینئرز کی تینیکی تربیت کا اہتمام ہونا چاہئے ۔