والدین بچوں کیلئے دینی اور دنیوی تعلیم کا بندوبست کریں، عبدالمجید ندیم

February 25, 2021

بر منگھم( پ ر) دینی تعلیمات کے ساتھ ساتھ دنیوی تعلیم بھی مسلمانوں کی نئی نسل کے لیے از حد ضرروی ہے۔والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنی اولاد کے لیے اعلیٰ درجے کی دینی اور دنیوی تعلیم کا بندوبست کریں۔ برطانیہ اور یورپ بلکہ پوری دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوں گے جو اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے ۔وقت کافی بدل چکا ہے ، تعلیم اور ٹیکنالوجی نے ہر چیز کو بدل کر رکھ دیا ہے لہٰذا والدین کو بھی اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طا نیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطا ب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا ’’برطا نیہ اور یورپ میں بسنے والے والدین کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ یہاں کے نظامِ تعلیم سے اپنی اولاد کو گہرائی سے منسلک کریں اس لیے کہ یہاں پر تعلیم سب کے لیے یکساں طور پر مہیا کی جاتی ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ مسلمان بچے ہی تعلیم میں سب سے پیچھے ہیں۔ان کی ایک بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم سے محروم ہے ۔بے روزگاری کی وجہ سے وہ طرح طرح کے جرائم کا شکار ہو چکے ہیں اور اس کا نتیجہ جیل میں مسلمان نوجوانوں کی تعداد میں ہوشربا اضافے کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔اس تشویش ناک رجحان کو روکنا والدین کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا ـ’’ دینی زعماء، اساتذہ اور والدین مل کر اپنا کردار اد کریں۔مساجد کمیٹیوں میں نوجوانوں کو شامل کیا جائے جو دینی اور دنیوی نظامِ تعلیم کے مطابق نئی نسل کی رہنما ئی کر سکیں تب ہی بہتری کی امیدکی جا سکتی ہے۔