پولیس میں التواء کا شکار ترقی کے کیسز کو فوری نمٹانے کی ہدایت

February 27, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ جنوبی پنجاب پولیس آفس کے قیام سے اس خطے کے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود اور ترقیوں کے کیسز پر فوری پیش رفت ممکن ہوگئی ہے،تمام اضلاع کے پولیس سربراہان کو عرصہ دراز سے التواء کا شکار ترقی کے کیسز کو فوری نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ فورس کا مورال بلند کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں ترقی پانیوالے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نوید خان کو پرموشن بیج لگاتے ہوئے کیا،اس موقع پر اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس آپریشنز سید غضنفر علی شاہ بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں پولیس بھرتی کا عمل شفاف انداز میں جاری ہے پولیس نفری پوری ہونے سے جرائم کے خلاف جنگ میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے،پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے انکے متعلقہ اضلاع میں ویلفئیر برانچز کو بھی مکمل فعال کردیا گیا ہے،اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے ترقی پانیوالے پولیس اہلکاروں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔