حمزہ شہباز کو رہا کر دیا گیا

February 27, 2021

مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے حمزہ شہباز کا جیل کے باہر استقبال کیا۔

مریم نواز کے ہمراہ دیگر پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے جنہوں نے حمزہ شہباز کا استقبال کیا اور انہیں رہائی کی مبارکباد دی۔

نون لیگی کارکنوں نے اپنے لیڈر کے حق میں بھر پور خیر مقدمی نعرے بلند کیئے۔

متعدد مرد و خواتین نون لیگی کارکنوں نے حمزہ شہباز شریف کی رہائی کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے، اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں 20 ماہ سے جیل میں قید تھے۔

اس سے قبل حمزہ شہباز کے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی تھی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی، احتساب کورٹ کا اہلکار جسے لے کر کوٹ لکھپت جیل روانہ ہوا تھا۔

اس سے پہلے لاہور کی احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی رہائی کے لیے ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے تھے۔

حمزہ شہباز کی رہائی کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے ادریس رفیق بھٹی اور عدیل علی خان نے احتساب عدالت لاہور میں جمع کرائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا تھا۔

حمزہ شہباز کو رہائی کے بعد کوٹ لکھ پت جیل سے ریلی کی شکل میں ان کی رہائش گاہ تک لایا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ حمزہ شہباز کوٹ لکھپت جیل سے براستہ کچا جیل روڈ ماڈل ٹاؤن میں واقع اپنی رہائش گاہ جائیں گے۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے حمزہ شہباز کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

رہائی کے فوری بعد حمزہ شہباز کا جیل کے نزدیک کارکنوں سے خطاب بھی متوقع ہے۔