چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والوں کو سینیٹ الیکشن میں ناکامی ہوگی، وفاقی وزراء

March 01, 2021

اسلام آباد‘کراچی (ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے الزام عائد کیاہے کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کیلئے تجوریاں کھول دی ہیں ‘اپوزیشن خوفزدہ اورچھانگا مانگا کی سیاست کی عادی ہے‘ تحریک انصاف شفافیت پر یقین رکھتی ہے جبکہ اپوزیشن کرپشن کا بازار لگانا چاہتی ہے‘سب چور اکٹھے ہو گئے ہیں‘سینٹ الیکشن میں چند ہی دن باقی ہیں۔اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی‘ چھانگا مانگا کی سیاست پر یقین رکھنے والوں ، ضمیر فروشوں کے امیدوار اور زرداری خاندان کی سہولت کاری اور کرپشن چھپانے کے معیار پر پورا اترنے والے مشترکہ امیداور کو سینیٹ الیکشن میں ناکامی ہو گی‘ حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کامیاب ہونگے۔ان خیالات کا اظہاروفاقی وزراء پرویزخٹک ‘ اسد عمر ‘علی زیدی اورمرادسعید نے کیا۔نوشہرہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے الزام عائد کیا کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کیلئے تجوریاں کھول دی ہیں جبکہ وزیراعظم نے اپوزیشن کا اصل چہرہ قوم کو دیکھا دیا ہے۔کراچی میں پی ٹی آئی ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسدعمر کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف میں اختلاف رائے کا حق ہے، ن لیگ نہیں کہ میاں صاحب سے اختلاف پر پارٹی سے نکال دیا جائے۔جن ارکان اسمبلی کے بارے میں سنا تھا کہ وہ ووٹ نہیں دینگے ان سے ملاقات کی ہے وہ ووٹ دینے کو تیار ہیں، ابھی تک کی صورتحال میں ہمارے امیدوار حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کامیاب ہونگے۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ شو آف ہینڈ پر ووٹنگ اپوزیشن نہیں چاہتی،اپوزیشن خوفزدہ ہے،اپوزیشن چھانگا مانگا کی سیاست کی عادی ہے۔