نیب کاروباردوست ادارہ،صرف ملکی مفادات کاتحفظ کرتا ہے، چیئرمین

March 01, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے، خوشحال بزنس کمیونٹی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، نیب نے سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس اور انڈر انوائسز سے متعلق بزنس کمیونٹی کے معاملات قانون کے مطابق ایف بی آر کو بھیجے ہیں, نیب زیرو کرپشن سو فیصد ترقی پر یقین رکھتا ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، قائداعظم نے رشوت اور اقربا پروری کو بڑی لعنت قرار دیا ہے، ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے، نیب کو بدعنوانی کے خاتمہ اور لوٹی گئی رقم کی ریکوری کیلئے قائم کیا گیاہے، نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے، پاکستان نے اس کنونشن کی توثیق کر رکھی ہے، نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب کی بدعنوانی کی کوششوں کو قومی اور بین الاقوامی معتبر اداروں نے سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر اربوں ڈالر کا قرضہ ہے اور کوئی پتہ نہیں کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی، نیب ان لوگوں کے مقدمات کی پیروی کر رہا ہے جن کے پاس 1980 میں کچھ نہیں تھا اور اب وہ بڑی عمارتوں کے مالک بن چکے ہیں ، جن کو ماضی میں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا تھا، اب انکے غیر قانونی اقدامات، اختیارات کے ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثہ جات، منی لانڈرنگ اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کے بارے میں ان سے پوچھا جا رہا ہے۔