حکومت کو ریفرنس ہی نہیں کرنا چاہیے تھا، لطیف کھوسہ

March 01, 2021

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ آئین الیکشن کمیشن کو صاف شفاف الیکشن کرانے کی اجازت دیتا ہے، میں سمجھتا ہوں حکومت کو ریفرنس ہی نہیں کرنا چاہیے تھا۔

سردار لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میںکہا کہ صاف شفاف الیکشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ سیاسی مسئلہ ہے، ہر دفعہ الیکشن پر انگلیاں اٹھتی ہیں، الیکشن روز اول سے متنازع ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشورہ مانگا تھا، سپریم کورٹ نے حکومت کو مشورہ دیا ہے جو حکومت کے خلاف ہے، حکومت کے ریفرنس کو سپریم کورٹ نے مسترد کردیا ہے۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی حکومت پر عدم اعتماد ہوگا، تحریک انصاف کے امیدواروں کے خلاف ان کے اپنے پارلیمنٹرین مخالف ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت ہوں گے، عدالت نے الیکٹرانک ٹیکنالوجی کے استعمال کی ڈائریکشن دی، جانچ پڑتال کا طریقہ کار بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان متعین کرے گا۔