فیصلے کے بعد منڈی مویشیاں اور تجوریوں کے منہ بند ہوگئے، علی محمد

March 02, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد منڈی مویشیاں اور تجوریوں کے منہ بند ہوگئے ہیں۔

خرید و فروخت کرنے والوں کے چہروں پر بارہ بج رہے ہیں، شیخ رشید فائٹر اور پاکستانی سیاست میں غریب کی آواز ہے، حفیظ شیخ کا یوسف رضا گیلانی سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، نواز شریف کو ٹی وی پر دکھانے کیلئے عدالت میں پٹیشن کرنا اینکرز کا کام نہیں تھا۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما لطیف کھوسہ اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کنور دلشادبھی شریک تھے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے کے بعد اوپن بیلٹ پر حکومتی آرڈیننس فارغ ہوگیا ہے، سینیٹ انتخابات میں 35کروڑ روپے لینے والی بڑی تجوری کھلی ہوئی ہے، حکومت کے نزدیک 70کروڑ روپے لے کر سینیٹ کا ٹکٹ دینا جائز ہے، شیخ رشید کی ش لیگ بننے کی بات کا جواب دینا بھی توہین سمجھتا ہوں۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے تمام ادارے الیکشن کمیشن کے تابع کام کرنے کے پابند ہیں، سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی جیت یقینی ہے، حفیظ شیخ کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں پارٹی ایم این ایز انہیں کیوں ووٹ دیں گے۔

کنور دلشاد نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں رائے دی ہے، صدارتی آرڈیننس تحلیل ہونے کے بعد اٹارنی جنرل کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ آئین کے تحت صدر مملکت قومی مفاد کے کسی معاملہ پر سپریم کورٹ سے قانونی مشورہ لے سکتا ہے۔