یوسف رضا گیلانی نے اپنی محنت سے ثابت کیا کہ وہ جیتیں گے، رانا ثنا اللّٰہ

March 03, 2021


پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے اپنی محنت سے ثابت کیا کہ وہ جیتیں گے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے سینیٹ الیکشن سے متعلق میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ کوئی جتنا یقین دہانی دلاتا ہے وہ اتنا ہی اندر سے کمزور ہوتا ہے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہپاکستان تحریک انصاف اندر سے کھوکھلی ہے، ان کو اپنا یقین نہیں تبھی یہ ہوا میں باتیں کر رہے ہیں۔

اُن کا سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے بہت محنت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن لیگ کے اراکین کی میٹنگ کل بھی تھی، آج بھی ہے، ہم نے ایک ایک ووٹ کو دیکھا ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے 83 ووٹ یوسف رضا گیلانی کو ملیں گے۔

رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کا حال اس ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے، لوگوں نے تو پھر کوئی راستہ نکالنا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نےصرف ووٹ دینے کا طریقہ سمجھایا، اس میں دھاندلی کہاں سے آ گئی۔