آج کی شکست کے بعد عمران خان کو مستعفی ہوجانا چاہیے، بلاول بھٹو

March 03, 2021

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں سینیٹ الیکشن کا سب سے بڑے مقابلہ جیتنے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت اپوزیشن اتحاد ( پی ڈی ایم ) کی تاریخی کامیابی ہے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ اگلہ مرحلہ یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب کروانے کا ہے ۔

اُن کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی اس سے پہلے بلا مقابلہ وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں، آج سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد عمران خان کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے۔


بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ آج میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے پاس جاؤں گا۔

پی پی چیئرمین نے سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو تمام جمہوری قوتوں کی جیت قرار دیا اور کہا کہ آگے کے لیے جو بھی حکمت عملی ہوگی وہ اتفاق رائے سے بنائیں گے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا شکر گزار ہوں، یہ کامیابی جمہوریت کی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پاس ملنے جائیں گے۔