وسیم اکرم کا PSL6 چھوڑنے کا امکان

March 04, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 میں کووڈ کے بڑھتے کیسز کے بعد کراچی کنگز کے وسیم اکرم نے لیگ چھوڑنے کیلئے مشاورت کرلی۔

ذرائع کے مطابق وسیم اکرم کو ڈاکٹرز نے فوری طور پر ہوٹل چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ذیابطیس کی وجہ سے خطرہ ہوسکتا ہے رسک نہ لیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کا آج شام تک ٹیم ہوٹل چھوڑنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک دو ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے سبب غیر ملکی کھلاڑی پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں، پی ایس ایل کی آرگنائزنگ کمیٹی تمام فرنچائز مالکان اور ان کی مینجمنٹ کے ساتھ آج اہم میٹنگ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے، یہ تینوں کھلاڑی اب 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے بدھ کو ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کی تھی، تینوں کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ان کے ٹیسٹ گزشتہ روز دوپہر کو کروائے گئے جن کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

پی ایس ایل 6 کی آرگنائزنگ کمیٹی آج تمام ٹیموں کے مالکان اور ان کی مینجمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں شرکت کرے گی۔