• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک دو ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے سبب غیر ملکی کھلاڑی پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں، پی ایس ایل کی آرگنائزنگ کمیٹی تمام فرنچائز مالکان اور ان کی مینجمنٹ کے ساتھ آج اہم میٹنگ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے، یہ تینوں کھلاڑی اب 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے بدھ کو ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کی تھی، تینوں کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ان کے ٹیسٹ گزشتہ روز دوپہر کو کروائے گئے جن کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

پی ایس ایل 6 کی آرگنائزنگ کمیٹی آج تمام ٹیموں کے مالکان اور ان کی مینجمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں شرکت کرے گی۔

واضح رہے کہ تین نئے کیسز کے بعد پی ایس ایل 6 میں شریک افراد میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے، جس میں 6 کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہے۔

تازہ ترین